حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن کے شعبۂ خواتین کی جانب سے "الکوثر” کے عنوان سے حفظ قرآن اور قرائت کا تیسرا کورس شروع کیا گیا ۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن کے شعبۂ خواتین کی جانب سے محترم خواتین کی موجودگی میں تیسرے قرآنی کورس ’’الکوثر‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔
خواتین کے قرآنی اہداف
دارالقرآن کے شعبۂ خواتین کی ذمہ دار محترمہ دلال طباطبائی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز کا مقصد اسلامی بنیادوں پر خواتین کے لیے ایک مناسب اور مطلوب نمونۂ عمل پیش کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ مرکز قرآنِ مجید سے مانوس خواتین کے لئے اس مقدس کتاب کو مونس اور راھنما بنانے کا خواہاں ہے، تاکہ وہ اس کے وسیلے سے اپنی زندگی کو ہدایت اور معرفتِ الٰہی سے منور کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کورسز کے انعقاد کا مقصد خواتین اور قرآن کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا اور معاشرے کی خواتین میں قرآنی معلومات میں اضافہ کرنا ہے۔
تعلیمی کورس کی تفصیلات
دارالقرآن کے شعبۂ خواتین میں خواتین کے تعلیمی امور کی ذمہ دار محترمہ زمن ابراہیمی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’الکوثر‘‘ کا تیسرا کورس دو بنیادی شاخوں پر مشتمل ہے:
- صحیح قرائت کی شاخ — جو ایک سال تک جاری رہے گی؛ اس کا نصف حصہ صحیح قرائت کی تعلیم اور باقی نصف حصہ احکامِ تجوید کی تعلیم کے لیے مخصوص ہے۔
- حفظ کی شاخ — جو دو سال تک جاری رہے گی، اور اس میں پورے قرآن مجید کا حفظ شامل ہے، نیز تدبر اور علومِ قرآنی کے دروس بھی اس کا حصہ ہیں۔ یہ سب کچھ دارالقرآن کی جانب سے تیار کردہ ایک منظم اور دقیق تعلیمی منصوبے کے مطابق انجام پائے گا۔
محترمہ ابراہیمی نے مزید کہا کہ اس کورس میں 70 خواتین نے نام لکھوایا ہے، جنہوں نے داخلہ امتحانات میں شرکت کی تھی، یہ امتحانات عمر اور قرآنی صلاحیتوں کے معیار کے مطابق ترتیب دیے گئے تھے،یہ خواتین پچھلے دورے کی شرکت کرنے والی خواتین کے ساتھ مل کر اس تعلیمی پروگرام میں حصہ لیں گی۔
تعلیمی ماحول اور سہولیات
یہ کورس کلاس کی صورت میں ہر ہفتے اتوار سے جمعرات تک صبح کے وقت منعقد کیا جائے گا۔
دارالقرآن کی جانب سے شرکت کرنے والی خواتین کے لیے نقل و حمل کی خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ایک ترغیبی اور تعلیمی ماحول پیدا کیا جا سکے، جو خواتین کو حفظ اور تسلسلِ تعلیم کی راہ میں حوصلہ دے گا تاکہ کتابِ الٰہی کی ممتاز حافظات اور قاریات کی تربیت کے لیے ایک سازگار فضا فراہم کی جا سکے۔





