حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے مجمع اہلبیت علیہمالسلام کے تعاون سے عراق کے مختلف صوبوں سے آئی ہوئی 25 مبلغہ خواتین کی میزبانی کی، یہ پروگرام خواتین کی تبلیغی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور دینی و ثقافتی روابط کو تقویت دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ امور خواتین کی ذمہ دار محترمہ رمله خزاعی نے بتایا کہ اس سفر کا مقصد مبلغہ خواتین کو حرم مقدس کے روحانی ماحول سے فیض یاب کرنا، حرم مقدس کے دینی و تاریخی مقامات سے آگاہی فراہم کرنا اور تبلیغی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خواتین کے مذہبی اداروں کے ساتھ تعاون کے راستے ہموار کرنا تھا۔
حرم مقدس کے خواتین میڈیا شعبہ کی ذمہ دار محترمہ اسراء تمیمی نے وضاحت کی کہ اس پروگرام میں ان خواتین کو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی زیارت کے علاوہ حرم مقدس کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کرایا گیا، مزید برآں، دینی تبلیغی شعبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں خواتین کے درمیان تجربات کے تبادلے اور روابط کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے ذریعے وہ سماج کے مختلف طبقات کی توانائیوں کو پروان چڑھانے اور دینی و ثقافتی سرگرمیوں میں خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے،اس پروگرام نے مبلغہ خواتین کو اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور معاشرے کی دینی و اخلاقی خدمت میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا۔






