حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے قرآنی اور مدح سرائی حسینی مقابلوں کے ممتاز طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ تقریب قرآن و اہلبیت علیہمالسلام کی خدمت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد ہوئی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسی الخرسان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ نوجوان نہ صرف قرآنی ثقافت کو تقویت دے رہے ہیں بلکہ اپنی کاوشوں سے نہضت حسینی کی خدمت بھی کر رہے ہیں، انہوں نے اس کامیابی کو ایک اہم قدم قرار دیا جو اسلامی ثقافتی ورثے کے استحکام میں مددگار ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے زیر انتظام چلنے والے دارالقرآن کے نمائندے شبیر حسنی نے بتایا کہ اس تقریب میں جن طلبہ و طالبات کو اعزاز دیا گیا، سب دارالقرآن کے تربیتی پروگراموں سے وابستہ ہیں اور پچھلے دو برسوں میں انہوں نے اعلیٰ رتبے حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حوصلہ افزائی طلبہ کے لیے ایک بڑی ترغیب ہے تاکہ وہ قرآن کریم اور اہلبیت علیہمالسلام کی خدمت کا سلسلہ مزید جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھ سکیں۔
یہ تقریب حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے نوجوانوں کے قرآنی و دینی رجحانات کو فروغ دینے اور ان کے علمی و روحانی سفر میں معاونت کے عزم کا مظہر تھی، اس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو حوصلہ دینا اور انہیں آئندہ کی کامیابیوں کے لیے عملی طور پر تیار کرنا ہے۔












