پیغمبر اکرم صلیاللہعلیہوآلہ اور امام جعفر صادق علیہالسلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے معاشرتی یکجہتی کی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے ضرورت مند طلبہ میں اسکول یونیفارم تقسیم کیے، یہ اقدام مرکز امام علی علیہالسلام کی جانب سے عمل میں آیا جو یتیموں اور محروم خاندانوں کی کفالت کے لیے سرگرم ہے۔
مرکز کے سربراہ عادل الجمالی نے وضاحت کی کہ اس مہم کے تحت ایک ہزار سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں میں اسکول یونیفارم تقسیم کیے گئے، یہ سرگرمی اُن خدمات کا حصہ ہے جو مرکز امام علی علیہالسلام 2500 سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں کو فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی اُس وسیع انسانی خدمت کا حصہ ہے جو یتیموں اور پسماندہ طبقات کی کفالت کے لیے وقف ہے۔
مرکز امام علی علیہالسلام 2014 میں اُس وقت قائم کیا گیا جب وطن اور مقدسات کے دفاع کے لیے جهاد کفائی کا فتویٰ دیا گیا، یہ مرکز یتیموں اور محتاج خاندانوں کے لیے صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے مختلف شعبوں میں جامع خدمات فراہم کرتا ہے اور مسلسل مدد کے ذریعے معاشرتی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔












