حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے زیر نگرانی سرگرم مرکز المحسن برائے ثقافت اطفال نے ’’علوی جوان ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے پروگرام کا اختتام کیا، اس ۱۰ روزہ تعلیمی و تربیتی کیمپ میں ۵۰ سے زائد سرگرمیاں، ورکشاپس اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مہارت، آگاہی اور مثبت توانائی فراہم کی گئی۔
مرکز ’’المحسن‘‘برائے ثقافت اطفال نے نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام ’’علوی جوان‘‘ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا،یہ پروگرام ہفتہ بینالمللی صادقین علیہما السلام کے تحت پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰؐ اور امام جعفر صادق علیہالسلام کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریبات کا حصہ تھا۔
اس خصوصی تقریب میں والدین اور اساتذہ کی شرکت کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا،’’علوی جوان‘‘، نوجوانوں اور جوانوں کے لیے تیار کیا گیا تھا تاکہ انہیں تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مثبت اور تخلیقی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
پروگرام کے ذمہ دار ڈاکٹر مرتضیٰ خزاعی نے بتایا کہ مرکز المحسن ثقافت اطفال، جو تربیت علوی کمیٹی کے زیر انتظام ہے، نے دوسری بار پروگرام ’’علوی جوان‘‘کو امام حسنؑ سٹی میں منعقد کیا،یہ پروگرام بالخصوص حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے کارکنان کے بچوں کے لیے تھا جو ۱۵ سے ۱۷ سال کی عمر کے درمیان تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام صرف لیکچرز تک محدود نہیں تھا بلکہ اس میں تفریحی، تعلیمی اور مہارتی سرگرمیاں بھی شامل تھیں،ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں کو موبائل اور الیکٹرانک آلات کے منفی اثرات سے دور رکھنا اور انہیں مثبت توانائی، نئی صلاحیتیں اور تخلیقی مواقع فراہم کرنا تھا۔
ڈاکٹر خزاعی نے وضاحت کی کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے اس منصوبے کو ۱۰ روزہ تعلیمی و تربیتی کیمپ کی صورت میں منعقد کیا، اس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور عملی ورکشاپس کے ذریعے ان کی مہارتوں کو فروغ دینا تھا،ان ورکشاپس میں دینی تعلیم، معلومات عامہ، کمپیوٹر کلاسز، دستکاری اور فنون کی سرگرمیاں شامل تھیں تاکہ طلبہ کے اندر موجود صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ میں ۵۰ سے زیادہ تربیتی، تعلیمی، کھیلوں اور گروہی سرگرمیاں شامل تھیں جو نوجوانوں کی متوازن شخصیت سازی، تعاون اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئیں۔
ڈاکٹر خزاعی نے مزید کہا کہ ’’علوی جوان‘‘ پروگرام کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا تسلسل ہے،کیمپ کے بعد بھی شرکاء کے ساتھ رابطہ رہتا ہے، جس میں ہفتہ وار اور ماہانہ نشستیں، تعلیمی و تفریحی ورکشاپس اور تعلیمی مطالعاتی سفر شامل ہیں۔
انہوں نے اس پروگرام کی کامیابی کو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا، جن میں خریداری، سرمایہ کاری، میڈیا اور دیگر خدماتی شعبے شامل تھے۔
قابلِ ذکر ہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام ہمیشہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور ترقی کے لیے ایسے منصوبے ترتیب دیتا ہے تاکہ انہیں اپنی توانائیوں کا صحیح استعمال کرنے کے قابل بنایا جائے اور ایک باشعور، ذمہ دار اور تعمیری نسل پروان چڑھے۔







