حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسی الخرسان کی سربراہی میں نجف اشرف کے ایک وفد نے حرم مقدس کاظمین کے نئے متولی ڈاکٹر حیدر عبدالأمیر مهدی سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد پیش کی اور زائرین کی خدمت کرنے میں ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی سید عیسی الخرسان اپنے معاون، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور چند ہمراہان کے ساتھ نجف اشرف سے حرم امامین کاظمین علیہمالسلام کی زیارت سے مشرف ہو ئے۔
اس موقع پر وفد نے ڈاکٹر حیدر عبدالأمیر مهدی، جو حال ہی میں آستان مقدس کاظمین کے متولی مقرر ہوئے ہیں، سے ملاقات کی اور ان کی تقرری پر تبریک و تہنیت پیش کی۔
سید عیسی الخرسان نے اس ملاقات کے دوران حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متبرک ہدیے ڈاکٹر مهدی کی خدمت پیش کیے اور دعا کی کہ وہ اہل بیت اطہار علیہمالسلام کی خدمت کے عظیم شرف میں کامیاب رہیں، بالخصوص امامین کاظمین علیہمالسلام کے حرم اور زائرین کی خدمت میں۔
دوسری جانب حرم مقدس کاظمین کے متولی نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے خادمین کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات دونوں حرموں کے درمیان باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کا ذریعہ بنے گی، تاکہ روضہ ہائے مقدسه اور زائرین کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔